
نقیب اللہ محسود کا قریبی دوست بھی قتل
ویب ڈیسک : کراچی میں ایک جعلی پولیس مقابلے میں قتل ہونے والے نقیب اللہ محسود کے قریبی دوست آفتاب محسود کو بھی قتل کر دیا گیا۔ آفتاب محسود کی گولیوں سے چھلنی لاش ڈیرہ اسماعیل خان کے نواحی علاقے سے ملی۔ آفتاب محسود اپنے دوست نقیب اللہ محسود کے قاتل ایس ایس پی ملیر راﺅ انوار کو گرفتار کرنے کے لئے مہم بھی چلا رہا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق آفتاب محسود کو 4گولیاں انتہائی قریب سے ماریں گئیں جس کے بعد نامعلوم افراد وہاں سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سے قبل آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نقیب اللہ قتل کیس میں مفرور معطل ایس ایس پی راﺅ انوار کو تلاش کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ نقیب اللہ محسود کو گزشتہ ماہ کراچی پولیس کے اینکاﺅنٹر سپیشلست ایس ایس پی ملیرراﺅ انوار نے ایک جعلی پولیس مقابلے میں مار دیا۔ میڈیا کے شور مچانے پر راﺅانوار فرار ہو گیا اور اب تک پولیس کی گرفت سے باہر ہے۔