
برطانوی شہر لیسیسٹر میں دھماکا، 6 افراد زخمی
ویب ڈیسک – برطانیہ کے شہر لیسیسٹر میں ایک خوفناک دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد زخمی اور کئی مکان نظر آتش ہو گئے ہیں۔ یہ دھماکا لندن سے 145 کلومیٹر دور لیسیٹر شہر میں ہوا۔ دھماکے کی گونج میلوں دور تک سنی گئی ۔پولیس نے اسے غیر معمولی واقعہ قرار دیا اور فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ یہ دھماکا ایک اسٹور میں ہوا ہے جس کے اوپر مکانات اور اطراف کی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے سے اب تک 6 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ دھماکا ہنکلے روڈ پر واقع ویسٹرن پارک اسٹور میں ہوا ہے اور پولیس نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اس وقت چھ فائر انجن آگ بجھانے کی سر توڑ کوشش کررہے ہیں تاہم دھماکے میں ایک اسٹور مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔ برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کو بڑے واقعے کے طور پر لے رہے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق فوری طو ر پر دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔