ویسپا سکوٹر آرہا ہے واپس سڑکوں پر ایک نئے انداز کے ساتھ

بزنس ڈیسک( محمد تیمور) سکوٹر لفظ بولتے ہی دماغ جس کمپنی کا نام آتا ہے وہ ہے ویسپا کا ۔ 60 اور 70 کی دہائی میں اٹلی کی کمپنی ویسپا کے سکوٹر  پاکستان کی ہر شاہراہ پر دوڑتے نظر آتے تھے۔ ہر خاص و عام کی سواری ویسپا کے سکوٹر تھے۔ پھر رفتہ رفتہ ان سکوٹروں کی جگہ موٹرسائیکلوں نے لینا شروع کر دی۔ دیکھتے ہی دیکھتےویسپا سکوٹروں کی پاکستان میں امپورٹ بند ہو گئی اور سکوٹر سڑکوں سے بھی ناپید ہوتے نظر آنے لگے۔

لیکن 30، 40 سال گزرنے کے باوجود ایک ایسا شوقین طبقہ اب بھی پایا جاتا ہے جنہوں نے آج بھی 70 اور 80 کی دہائی کے ویسپا سکوٹر کو جدید دور موٹرسائیکلوں پر ترجیح دی ہوئی اور انہوں نے ویسپا سکوٹر کی لیگیسی کو سینے سے لگایا ہوا ہے۔ اور ایک خاص طبقہ ایسا بھی ہے جو چاہتا ہے کہ ویسپا کے نئے ماڈل ملک میں متعارف کروائے جائیں تا کہ ایک بار پھر لوگ سکوٹر کی سواری سے لطف اندوز ہو سکیں۔

ایسے افراد کےلئے خوشی کی خبر یہ ہے کہ اٹلی کی کمپنی ویسپا نے اپنے نئے ماڈل کے سکوٹر دوبارہ پاکستان مارکیٹ میں متعارف کروا دئیے ہیں۔ ویسپا کی پاکستان میں واپسی کا سہرا راوی موٹرز کو جاتا ہے جس نے پیگاجیو کی شراکت سے ویسپا سکوٹر کی پاکستان میں واپسی ممکن بنائی۔

ویسپا سکوٹر کا 4 سٹروک انجن کے ساتھ پاکستانی مارکیٹ میں آنا ایک اچھا اضافہ ہے۔ ویسپا سکوٹر کو باقاعدہ طور پر لانچ 2 اور 3 تاریخ کو ہونے والی پاکستان آٹو شو نمائش میں لاہور کے ایکسپو سنٹر میں کیا جائے گا۔ ویسپا 2018ماڈل کی تعارفی قیمت 3 لاکھ پاکستانی روپے رکھی گئی ہے جو پری بکنگ پر صارف حاصل کرسکتے ہیں۔ باقاعدہ لانچ کے بعد ویسا سکوٹر کی قیمت 3 لاکھ 30 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ جو کہ پاکستانی مارکیٹ کے حساب سے شاید زیادو ہو۔ زیادہ قیمت ہی شاید ایک وہ پہلو ہو جو ویسپا سکوٹر کی پاکستانی مارکیٹ میں واپسی کی ایک بڑی رکاوٹ بن سکتی ہے وگرنہ پاکستان بھر میں آج بھی ویسپا سکوٹر کے دلدادہ افراد موجود ہیں۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published.