
اسلام آباد یونائیٹڈ نے بالآخر کراچی کنگز کو زیر کر لیا
ویب ڈیسک – پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے 15 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو با آسانی شکست دیدی۔ کراچی کنگز کی جانب سے دیئے گئے 154 رنز کے ہدف کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے باآسانی حاصل کر لیا۔ جے پی ڈومنی اور لیوک رونچی نے جارحانہ انداز میں کیا اور 104 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی، تاہم لیوک رونچی 71 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ون ڈاؤن آنے والے کھلاڑی حسین طلت 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد جے پی ڈومنی اور آصف علی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 154 رنز کا ہدف اٹھارویں اوور میں پورا کرلیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر اور عرفان جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو ییٹنگ کی دعوت دی تھی ۔ کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 153 اسکور بنا ئے۔ کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز خرم منظور اور جوئے ڈینلی نے کیا تھا۔ 6 کے مجموعی اسکور پر جوئے ڈینلی 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ خرم منظور 51 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے جبکہ بابر اعظم 55 رنز بنا کر حسین طلعت کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کراچی کنگز کی جانب سے محمد رضوان نے آخری اوورز میں تیزرفتاری سے کھیلتے ہوئے 20 رنز بنائے تھے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف تین وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین بولر رہے جبکہ محمد سمیع اور حسین طلعت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔