
نہال ہاشمی حاضرہو، سپریم کورٹ نے پھر آرڈر کر دیا
ویب ڈیسک – رہائی کے بعد ججز کے خلاف بیہودہ زبان استعمال کرنے پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے مسلم لیگ کے رہنما نہال ہاشمی کو دوبارہ سپریم کورٹ طلب کر لیا۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نہال ہاشمی کی نظرثانی کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران جیل سے نکلنے کے بعد نہال ہاشمی کی بات چیت کی ویڈیوعدالت میں چلائی گئی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے نہال ہاشمی کے وکیل کامران مرتضیٰ سے کہا سن لیں نہال ہاشمی کیا کہہ رہے ہیں جس پر وکیل کامران مرتضیٰ نے کہا کہ ایسے الفاظ کے استعمال پرمعذرت خواہ ہوں۔
چیف جسٹس نے وکیل کامران مرتضیٰ سے استفسار کیا کہ کیا کیا نہال ہاشمی کے بیان پر ان کی سزا بڑھائی جاسکتی ہے؟ جس کے بعد عدالت عظمیٰ نے نہال ہاشمی کو کل دوپہر1 بجے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 28 فروری کو نہال ہاشمی نے اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد کہا تھا کہ میں نے کب کسی کا نام لے کر تنقید کی، مجھے انتقام کا نشانہ بناکر ناانصافی پر مبنی فیصلہ کیا گیا۔