
ائیر مارشل مجاہد انور خان پاکستان کے نئے ایئرچیف مارشل نامزد
ویب ڈیسک: پاک فضائیہ کی کمان ائیر مارشل مجاہد انور خان سنبھالیں گے۔ وہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کی جگہ پاک فضائیہ کی ذمہ داری لیں گے ۔ائیر مارشل مجاہد انور خان کوحکومت نے آج ایئرچیف مارشل کے عہدے پر ترقی دے کر پاک فضائیہ کا نیا سربراہ نامزد کر دیا ہے۔
ائیرمارشل مجاہد انور خان23 دسمبر 1962 کوپیدا ہوئے اور انہوں نے دسمبر 1983 میں پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا، پی اے ایف اکیڈمی سے شمشیر اعزاز، بیسٹ پائلٹ ٹرافی اور چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی گولڈ میڈل جیتا۔
ائیرمارشل مجاہد انور خان کمبیٹ کمانڈرسکول، کمانڈ اینڈ سٹاف کالج اردن، ائیر وار کالج فیصل اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔ اپنے شاندار کیرئیر کے دوران، ایک فائٹرسکواڈرن، ایک ٹیکٹیکل اٹیک ونگ، ایف 16 کی دوائیر بیسسز کی کمانڈ کر چکے ہیں۔
ائیر مارشل مجاہد انور خان اس وقت ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (سپورٹ ) اور ڈائریکٹر جنرل ائیر فورس سٹریٹیجک کمانڈ کے عہدوں پر فائز ہیں۔ وہ اس سے پہلے چیف آف دی ائیر سٹاف کے پرسنل سٹاف آفیسر، اسسٹنٹ چیف آف دی ائیر سٹاف (آپریشنز) اور ڈائریکٹر جنرل سی فور آئی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکےہیں۔
واضح رہے کہ ایئرمارشل سہیل امان کوپاک فضائیہ کا سربراہ 18 مارچ 2015 کو مقرر کیا گیا تھا اوراس طرح وہ 2 روزبعد 18 مارچ 2018 کو اپنے عہدے سے ریٹائرہوجائیں گے۔