
خادم حسین رضوی کو گرفتار کرو، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وارنٹ جاری کر دیئے
ویب ڈیسک – انسداد دہشت گردی کی ایک خصوصی عدالت نے تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے بانی مولوی خادم حسین رضوی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں اور انہیں پچھلے سال اسلام آباد کے علاقے فیض آباد میں دھرنا دینے کے جرم میں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
اس کے علاوہ عدالت نے مولوی خادم حسین رضوی کے ساتھ افضل قادری کو بھی گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے 4 اپریل تک ملزمان کے خلاف حتمی چلان جمع کروانے کا حکم بھی دے دیا۔
عدالت نے اپریل کے مہنے کے پہلے ہفتے تک کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
اس سے پہلے آج پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی نے کہا ہے کہ تحریک لبیک کے رہنما علامہ خادم رضوی اور ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کی ساکھ قابل اعتماد نہیں ہے، تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی ایک کرپٹ آدمی ہیں جبکہ اشرف آصف جلالی ایک موقع پرست اور جوڑ توڑ کی سیاست کرنے والے شخص ہیں۔
یاد رہے کہ مولوی خادم حسین رضوی نے پچھلے سال فیض آباد کے مقام پر ایک طویل دھرنا دیا تھا، دھرنے کا مقصد ختم نبوت قانون میں مبینہ تبدیلیاں کرنے والے وزیر کی معطلی کا مطالبہ تھا۔ خادم حسین اور ان کے حواریوں نے حکومت کے ساتھ ایک ڈیل کے تحت یہ دھرنا ختم کر دیا تھا۔