
پہلا ٹی ٹونٹی، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے دھول چٹا دی
کراچی (ویب ڈیسک ) نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہونے والے پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ایک یک طرفہ مقابلے کے بعد 143 رنز سے ایک بڑی شکست دے دی۔ آج 9 سال کے بعد پاکستانی سر زمین پر ہوئے انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی میں شروع سے پاکستان کا پلڑا بھاری رہا۔
آج ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستان نے مقررہ 20 اووروں میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ فخرزمان 39، حسین طلعت 41، کپتان سرفراز احمد 38 اور شعیب ملک نے 37 رنز بنائے۔
جواب میں ویسٹ انڈیر کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پہلے ہی اوور میں گرنےوالی وکٹ کے پریشر سے ابھر نہ پائی اور پوری ٹیم 13٫4 اووروں میں 60 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز، محمد عامر اور شعیب ملک نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیل رہے حسین طلعت مین آف دی میچ قرار پائے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ کل نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔