
کراچی: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹی ٹونٹی میں 82 رنز سے ہرا کر سیریز اپنے نام کر لی
کراچی (ویب ڈیسک ) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میں بھی با آسانی 82 رنز سے ہرا کر سیریز بھی جیت لی۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 205 رنز بنائے تاہم ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 123 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آئوٹ رہے۔ حسین طلعت نے اپنے کیرئیر کی پہلی نصف سنچری بنائی اور وہ 63 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
جواب میں 206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ایک بار پھر بری طرح ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم 123 رنز ہی بنا سکی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے والٹن نے سب زیادہ 40 رنز بنائے۔ محمد عامر نے 3 جبکہ شاداب خان اور حسین طلعت نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ میں جیت کے ساتھ پاکستان نے 3 میچوں کی سیریز بھی 0-2 سے اپنے نام کر لی۔
بابر اعظم کو ان کی بہترین بیٹنگ کی بنیاد پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔