ووٹ کی عزت کے راستے میں جو آئے گا، اس کو نیست ونابود کریں گے: نواز شریف

ویب ڈیسک : نواز شریف ، مریم نواز اور عدالتی دشمنی، وہی باتیں وہی لوگ، سابق وزیر اعظم آج فیصل آباد میں پھر وہی راگ الاپتے نظر آئے ۔ گئے تو وہ سابق ن لیگی رہنما چودھری شریف کی پانچویں برسی پر لیکن وہاں بھی مجھے کیوں نکالا کا رونا روتے رہے۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہاکہ میرے خلاف مقدمہ جھوٹ پر مبنی ہے جس کی اب تک 50 پیشیاں بھگت چکا ہوں، عدالت میں روزانہ ان کا جھوٹ بے نقاب ہو رہا ہے۔ کیا میری بے عزتی عوام کو قبول ہے؟ میرا مطالبہ ہے کہ کیس کو براہِ راست پر نشر کیا جائے تا کہ عوام کو اصل حقیقت کا پتہ چل سکے۔

غصے میں بھرے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی کی جاگیر نہیں، 22 کروڑ عوام کی جاگیر ہے، چند لوگوں کو اجارہ داری قائم کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ ووٹ کی عزت کے راستے میں جو آئے گا، اس کو نیست ونابود کریں گے۔

نواز شریف نے عمران خان کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عمران خان نے بنی گالہ کہ گھر کے جعلی کاغذات جمع کروائےلیکن عدالت نے لاڈلے کو کچھ نہیں کہا۔