
وزیرِ اعظم کی ٹیکس ایمنسٹی سکیم، ایک لاکھ روپیہ ماہانہ کمانے والے ٹیکس سے مستثنیٰ
ویب ڈیسک – ملک میں ٹیکس کا دائرہ بڑھانے اور بڑی مچھلیوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لئے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایمنسٹی سکیم لانے کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ سیاستدان اس سکیم سے فائدہ حاصل نہیں کر سکیں گے۔
سکیم کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 7 لاکھ ٹیکس گزاروں نے ملک کا بوجھ اٹھا رکھا ہے، اب ٹیکس اصلاحات لانا ہوں گی۔وزیر اعظم نے بتایا کہ اب پاکستانی شہریوں کا شناختی کارڈ نمبر ہی ٹیکس نمبر ہو گا۔
وزیرِ اعظم نے یہ نوید بھی دی کہ حکومت نے انکم ٹیکس کی شرح کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب ایک لاکھ روپیہ ماہانہ کمانے والے ٹیکس سے مستثنیٰ ہونگے۔ 24 سے 48 لاکھ روپے سالانہ پر 10 فیصد ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔
یہ ایمنسٹی سکیم ہر پاکستانی کیلئے ہے جو 30 جون 2018ء تک جاری رہے گی۔ ڈھائی ماہ کے عرصے میں اس ایمنسٹی سکیم سے فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس سکیم کا مقصد لوگوں کو ٹیکس نیٹ ورک میں لانا ہے، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے واضح کیا کہ سیاستدان اس سکیم سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔