
اسرائیل اور ہمارا دشمن ایک ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان
ویب ڈیسک – سعودی ولی عہد آج کل اپنے بیانات اور اقدامات کی وجہ سے بین الاقوامی میڈیا میں کافی مشہور ہوتے جا رہے ہیں۔ کبھی وہ اپنے ملک میں کرپشن کے خلاف لڑتے نظر آتے ہیں تو کہیں سعودی عرب میں عورتوں کے حقوق کی خاطر نبرد آزما نظر آتے ہیں۔
لیکن اپنے حالیہ دورہ امریکہ میں سعودی شہزادہ محمد بن سلمان نے اسرائیل کے بارے میں کچھ ایسی باتیں کی ہیں جس سے مسلم دنیا میں تشویش کی ایک لہر دوڑ گئی ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ مسئلہ فلسطین حل ہونے کے بعد اسرائیل سے تعلقات فوری بحال ہو سکتے ہیں ،اسرائیل اور سعودی عرب کا مشترکا دشمن ایک ہی ہے۔امریکی میڈیا کے انٹرویو میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین حل ہو جائے تو اسرائیل سے تعلقات فوری بحال ہوسکتے ہیں، واضح رہے کہ اس سے قبل وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ فلسطینیوں کی طرح اسرائیلیوں کو بھی اپنے وطن کا حق ہے۔
صرف موت ہی مجھ سے تخت و تاج چھین سکتی ہے: شہزادہ محمد بن سلمان
سعودی وزیر خارجہ کی جانب سے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو لکھے گئے ایک خفیہ خط سے پتہ چلا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ حل کرنے کے لیے سعودی عرب اسرائیل کو بہت زیادہ رعایتیں دے سکتا ہے، جس میں فلسطینی پناہ گزینوں کے مسائل حل کرنا اور بیت المقدس کی آزادی شامل ہوگی، اس کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات بحال ہوجائیں گے اور وہ دونوں اپنے مشترکا ہدف ایران پر توجہ دیں گے۔
دوسری جانب قطر کے سابق وزیر اعظم حمد بن جاسم نے بھی اسرائیل کے اپنی زمین میں رہنے کا حق تسلیم کرلیا ہے ،سابق قطری وزیراعظم نے کہا کہ وہ برسوں سے اس بات کو مانتے ہیں کہ اسرائیلیوں کواپنی زمین پر رہنے کا حق ہے، قطری رہنماں کو چاہیے کہ وہ خطے میں اپنے خراب تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کریں۔