
میشا شفیع کے الزامات، اداکارہ مایا علی بھی لڑائی میں کود پڑیں
ویب ڈیسک – میشا شفیع کے علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کےالزامات نے پاکستانی فیشن اور میوزک انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور کئی اور خواتین نے بھی علی ظفر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگا دیئے ہیں۔ علی ظفر نے بھی میشا شفیع کے خلاف عدالت میں جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
جہاں علی ظفر پر ہر جانب سے تنقید کے نشتر پرسائے جا رہے ہیں وہ پاکستان کی خوبرو اداکارہ مایا علی بھی اس لڑائی میں کود پڑیں لیکن وہ حیران کن طور پر علی ظفر کے حمایت میں میدان میں آئی ہیں ۔ مایا علی نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شئیر کی جس میں کہتی ہیں کہ وہ کسی کو صحیح یا غلط قرار نہیں دیں گی اور نہ ہی یہ کہیں گی کہ کس نے کیا کچھ کیا اور کیا نہیں کیا۔ انہیں یہ کہنا ہے کہ وہ علی ظفر کو زیادہ لمبے عرصے سے نہیں جانتیں لیکن وہ گزشتہ ایک سال سے اکٹھے کام کر رہے ہیں۔ مایا علی نے کہا کہ انہوں نے اپنی فلم (طیفا ان انٹربل)کی لاہور میں شوٹنگ کی جس کے بعد تمام لوگ ایک ساتھ باقی ماندہ شوٹنگ کیلئے پولینڈ گئے جہاں علی ظفر کی جانب سے انہیں کبھی بھی اپنی عزت کو خطرہ محسوس نہیں ہوا ۔
علی ظفر نے کئی بار مجھے جنسی طور پر ہراساں کیا، میشا شفیع کا سنگین الزام
مایا علی کا کہنا تھا ”پولینڈ میں میں نے جب بھی دیکھا تو علی ظفر فیس ٹائم پر اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ محو گفتگو ہوتے تھے جس کی وجہ سے میں ان کی فین ہوگئی کیونکہ علی ظفر اپنا ہر اچھا یا برا لمحہ اپنے اہلخانہ اور بیوی کے ساتھ شیئر کرتا ہے۔ جب ہم ریسٹورنٹ میں ہوتے یا سیٹ پر ہوتے تو علی ظفر اس بات کو یقینی بناتے کہ وہ ان تمام لمحات کو اپنی بیوی کے ساتھ ضرور شیئر کریں“۔
اس ساری لڑائی میں مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔میشا شیفع کی والدہ اور مشہور اداکارہ صبا حمید نے بھی اپنی بیٹی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ وہ صدمے میں ہیں لیکن وہ اپنی بیٹی کو بھرپور سپورٹ کریں گی۔