
نیوزی لینڈ نے پاکستان میں کرکٹ میچ کھیلنے پر غور شروع کردیا
سپورٹس ڈیسک – ویسٹ انڈیز کے بعد ایک اور بڑی انٹرنیشنل ٹیم نے دورہ پاکستان پر غور کرنا شروع کر دیا ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی طرف سے اعلامیہ جاری ہوا ہے کہ چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے جس پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ لیکن حتمی فیصلہ سیکیورٹی کلئیرنس اور حکومت کی اجازت کے بعد کیا جائے گا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان رواں سال نومبر میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی پر مشتمل ایک پوری سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق پی سی بی کی جانب سے ہمیں یہ درخواست آئی ہے کہ تمام نہیں لیکن ٹی ٹونٹی کے کچھ میچ پاکستان کی سرزمین پر کھیلے جائیں جس پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا رہے۔
حال ہی میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورے کے بعد اس بات کی امید کی جارہی ہے کہ اب بڑی ٹیمیں باقاعدگی سے پاکستان کا دورہ کرنا شروع کر دیں گی۔ نیوزی لینڈ کر کٹ ٹیم آخری مرتبہ 15 سال قبل 2003 میں پاکستان کے دورے پر آئی تھی۔