
خوف آسٹریلیا کے اعصاب پر سوار، دورہ پاکستان سے انکار
سپورٹس ڈیسک – کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق آسٹریلوی پلئیرز سیکیورٹی خدشات کی بنا پر پاکستان کا دورہ نہیں کریں گے۔
رواں سال ویسٹ انڈیز کے کامیاب دورے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے متعدد ممالک کو پاکستان میں سیریز کھیلنے کی دعوت دی جس میں اس بات کو بنیاد بنایا گیا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے حالات بہت بہتر ہیں۔
پاکستان نے جن ممالک کو دعوت دی ان میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سر فہرست ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی طرف سے اعلامیہ جاری ہوا ہے کہ چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے جس پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ لیکن حتمی فیصلہ سیکیورٹی کلئیرنس اور حکومت کی اجازت کے بعد کیا جائے گا۔
دوسرے جانب آسٹریلیا نے دورہ پاکستان سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی آسٹریلوی پلئیر دورہ پاکستان کو تیار نہیں۔ لہذا مستقبل قریب میں آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان کا کوئی امکان نہیں۔