احسن اقبال قاتلانہ حملے میں زخمی، ملزم کا تعلق تحریک لبیک سے ہے: مریم اورنگزیب

نارووال (مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے ہیں۔ مسلم لیگی رہنما اور وزیر داخلہ پاکستان پر اس وقت حملہ ہوا جب وہ اپنے آبائی علاقے میں ایک کارنر میٹنگ کے بعد واپس جا رہے تھے۔ حملہ آو ر نے ان پر پستول سے فائر کیا جو ان کے کندھے پر لگا۔ احسن اقبال کو شدید زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال نارووال منتقل کر دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق آج شب وفاقی وزیر داخلہ پر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ ان کے دائیں کندھے پر گولی لگی۔ گولی مارنے والے نے تقریباً 02 فٹ کے فاصلے سے حملہ کیا۔ حملہ آور کی عمر 02 سے 22 سال بتا ئی جا رہی ہے۔ احسن اقبال آج اپنے حلقے نارووال میں ایک کارنر میٹنگ سے واپسی کے وقت حملے کا شکار ہوئے۔ حملہ آور میٹنگ کے دوران بھی فرنٹ لائن میں بیٹھا رہا ۔

حملہ آور کو موقع سے زندہ گرفتار کر لیا گیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور نے اپنے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ اس نے ن لیگی رہنما پر حملہ ختم نبوتﷺ قانون میں تبدیلی کی وجہ سے کیا تھا۔ جبکہ ن لیگی خاتون رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملزم تعلق تحریک لبیک سے ہے۔

احسن اقبال پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی مذمت ہر جانب سے ہوئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان، پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو ، نواز شریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے احسن اقبال حملے کی پر زور مذمت کی ہے۔ جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنا خصوصی ہیلی کاپڑ نارووال بھجوا دیا ہے تاکہ زخمی احسن اقبال کو لاہور منتقل کیا جا سکے۔

 

تبصرہ کریں

Your email address will not be published.