
مہاتیر محمد دنیا کے معمر ترین منتخب حکمران بننے کی راہ پر
ملائیشیا:ملائیشیا کے انتخابات میں فتح کے بعد سابق وزیراعظم مہاتیر محمد دنیا کے سب سے معمر منتخب حکمران بننے کی راہ پر ہیں۔92 سالہ مہاتیر محمد نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کی ہوئی تھی تاہم 2016 میں انھوں نے یہ فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے ملائیشین یونائیٹڈ انڈیجنس پارٹی قائم کی تھی۔حالیہ انتخابات میں حکومتی اتحاد کے خلاف اپوزیشن کے پکاتان ہراپان اتحاد کی سربراہی مہاتیر محمد کے پاس تھی۔
عام انتخابات میں کچھ نشستوں پر ووٹوں کی گنتی باقی ہے تاہم سرکاری نتائج نے ظاہر کر دیا ہے کہ ان کے پکتان ہرپن اتحاد نے برنیو میں سبھا ریاست اتحاد کے ساتھ مل کر 115 نشستیں جیت لی ہیں جبکہ اسے حکومت بنانے کے لیے 112 نشستوں کی ضرورت تھی۔یوں مہاتیر محمد نے برسرِاقتدار نجیب رزاق کے باریسن نیشنل اتحاد کو شکست دی ہے۔ یہ اتحاد گذشتہ 60 سالوں سے ملک پر حکومت کر رہا تھا۔نجیب رزاق پر بدعنوانی اور اقرباپروری کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں.
ان کا کہنا ہے کہ وہ عوامی فیصلے کو قبول کریں گے۔اس موقع پر مہاتیر محمد نے کہا ہم بدلہ نہیں چاہتے، ہم قانون کو بحال کرنا چاہتے ہیں۔