
2008 میں ممبئی حملے پاکستانیوں نے کیے، بھارتی اخبار کا نواز شریف کے حوالے سے دعویٰ
ویب ڈیسک – بھارت کے مشہور اور ایک بڑے اخبار ہندوستان ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اس بات کومان لیا ہے کہ 2008 میں ہوئے ممبئی حملے میں پاکستانی ملوث تھے۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ ممبئی حملوں میں پاکستانی ملوث تھے اور مجھے ڈر ہے کہ کہیں ایسے حملے دوبارہ نہ ہو جائیں۔
سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشت گرد تنظیمیں متحرک ہو رہی ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ ان دہشتگردوں کو جو بھی نام دے دیا جائے مگر کیا ہمیں ان دہشتگردوں کو بارڈر پار جا کر 150 معصوم لوگوں کو مارنے کی اجازت دینی چاہیئے تھی؟
ہندوستان ٹائمز کے مطابق نواز شریف نے پاکستانی انگریزی اخبار ڈان کو انٹرویو کے دوران ان باتوں کا انکشاف کیا۔
یاد رہے کہ نومبر 2008 میں بھارت کے شہر ممبئی میں دہشتگردوں نے مختلف مقامات پر حملے کر کے 150 سے زائد افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ بھارت ہمیشہ سے ہی ان حملوں کا الزام پاکستان پر لگاتا آیا ہے لیکن وہ کبھی بھی اس بارے میں ٹھوس ثبوت فراہم نہ کر سکتا۔
بھارت نے اجمل قصاب نامی شخص کو ممبئی حملوں کے جرم میں سزائے موت بھی دی۔