
ن لیگ کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس، نواز شریف کے خلاف علم بغاوت بلند
اسلام آباد – مسلم لیگ ن کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کی صدرات پہلی مرتبہ نو متخب صدر شہباز شریف نے کی۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے اراکین قومی اسمبلی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس کی خاص بات یہ رہی کہ پارلیمانی اراکین کی ایک بڑی تعداد نے پارٹی کے سابق صدر نوازشریف کے خلاف بغاوت کا علم بلند کرتے ہوئے ان کے نئے بیانیئے سے اختلاف کا اظہار کر دیا۔ اراکین کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے بیانیئے سے ہمیں اور پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ لوگوں میں ن لیگ کے خلاف جذبات میں شدت آرہی ہے۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو کہا گیا کہ وہ اپنے بھائی سے بات کریں اور ان کے ایسے بیانات جن سے پارٹی کو نقصان پہنچے بند ہونے چاہیئں۔ ایسی بھی اطلاعات ہیں کہ کچھ اراکین نے کہا کہ شہباز شریف کو بہت پہلے ہی مسلم لیگ ن کی صدارت سنبھال لینی چاہیئے تھی۔ اراکین نے شہبازشریف کو چودھری نثار کو واپس پارٹی میں لانے کا مشورہ بھی دیا۔
یاد رہے کہ نواز شریف نے گزشتہ ہفتے ڈان اخبار کے متنازع صحافی سرل ایلمیڈا کو ایک متنازع انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ 2008 میں بھارت میں ہونے والے ممبئی حملوں کا ذمہ دار پاکستان ہے، نواز شریف کے اس بیان کی وجہ سے ملک میں ایک بے چینی کی لہر دوڑ گئی اور لوگوں نے نوازشریف کے اس انٹرویو کو قومی سلامتی کے لئے خطرناک قرار دے دیا۔