
پی ٹی آئی میں بڑا پھڈا پڑ گیا، عمران خان دو بڑوں میں بیچ بچائو کرواتے رہے
مانیٹرنگ ڈیسک – الیکشن کی آمد آمد ہے اور تحریک انصاف کی تیاریاں اپنے عروج پر چل رہی تھی کہ ان تیاروں کو کسی کی نظر لگ گئی، پارٹی کے دوبڑوں شاہ محمود قریشی اور جہانگیر خان ترین میں بنی گالہ میں ہورہی میٹنگ کے دوران شدید لڑائی ہو گئی، دونوں رہنمائوں کو درمیان ہوئی توتو میں میں کو عمران خان نے جب حد سے بڑھتے دیکھا تو بیچ بچائو کروایا۔
تفصیلات کے مطابق بنی گالہ میں چل رہی کور کمیٹی کی میٹنگ کے دوران شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی کے نااہل رکن قومی اسمبلی رائے حسن نوازکے نااہلی کے بعد پارٹی عہدہ رکھنے پراعتراض کیا جس پر پاس بیٹھے جہانگیر خان ترین نے شاہ محمود قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شاہ صاحب آ پ کا اشارہ میری طرف ہے۔
جہانگیر خان ترین تو جیسے بھرے بیٹھے تھے اور موقع کے انتظار میں تھے انہوں نے شاہ محمود کو کھری کھری سنائیں اور کہا کہ جنوبی پنجاب میں کام میں نے کروایا اور پیسہ خرچ کیا، میں عمران خان کو وزیراعظم بنوا کر سائیڈ پر ہوجائوں گا لیکن آپ کا وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا خواب پورا نہ ہوسکے گا۔
شاہ محمود قریشی نے جہانگیر خان ترین کو کڑوی کسیلی سنائیں اور کہا کہ آپ پارٹی میں داغدار لوگوں کو لاکر پارٹی کا امیج خراب کر رہے ہیں۔ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان جو خاموشی سے سب باتیں سن رہے تھے جب بات بڑھنے لگی تو انہوں نے بیچ بچائو کروا کر بات ختم کی اور لڑائی کا موجب بننے والے رائے حسن نواز کو فوری طور پر پارٹی عہدے سے نا صرف برطرف کر دیا بلکہ ان کے کسی بھی طرح کے پارٹی عہدہ رکھنے پر پابندی لگا دی۔