
صرف اللہ کو ایمپائر مانتا ہوں: عمران خان کا قومی اسمبلی میں خطاب
اسلام آباد – تقریباً 2 سال کے طویل عرصے بعد چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے آخر کار ایوان کو شکل دکھا ہی دی ، وہ فاٹا کے خیبر پختونخواہ میں انضمام کے بل پر ووٹنگ کے لئے آج قومی اسمبلی تشریف لائے۔ طویل عرصے بعد ایوان حاضری کے موقع پر عمران خان نے قومی اسمبلی سے خطاب بھی کیا اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا دفاع کرنے پر ایوان میں موجود حکومتی اراکین کو طعنے بھی دیئے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان 2 سال بعد ایوان مین حاضری دی اور کہا کہ عوامی نمائندہ ہوں اور عوام کے مسائل ایوان لے کر آیا ہوں۔ فاٹا انضمام پر عمران خان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج فاٹا کو کے پی کے میں ضم کرنے کا بل منظور نہ ہوتا تو قابئلی علاقوں میں بہت انتشار پھیلتا۔ انہوں نے کہا کہ قابئلی علاقوں میں انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا وہاں کے مسائل حل کرنے کے لئے وہاں ایک حکومتی نظام ہونا ضروری ہے۔
عمران خان نے اپنے سیاسی حریف نوازشریف کو بھی للکارتے ہوئے کہا کہ نوازشریف سن لو تمہیں چار حلقے نہ کھولنے پر نکالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں صرف اللہ کو ایمپائر مانتا ہوں۔ عمران خان نے خواجہ آصف کے بارے میں بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ایک وزیر کہتا تھا کہ کوئی شرم ہوتی ہےکوئی حیا ہوتی آج وہ وزیر ہی اس ایوان کا حصہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ایوان نے ایک منی لانڈر کا دفاع کیا۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے آج فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کرنےکا 1 کے مقابلے میں 229 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے منظور کر لیا ہے۔