
اسد درانی کی آج جی ایچ کیو پیشی
راولپنڈی – سابق چیف آئی ایس آئی جنرل ریٹائرڈ اسد درانی کو آج جی ایچ کیو راولپنڈی طلب کر لیا گیا ہے۔ جنرل اسد درانی کو بھارتی مصنف کی کتاب سپائی کرانیکل میں متنازع انٹرویو دینے پر پاک فوج نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
یاد رہے کہ بھارتی صحافی کی کتاب اسپائی کرانیکل میں جنرل ر اسد درانی نے اسامہ بن لادن کی گرفتاری، حافظ سعید، کارگل آپریشن جیسے حساس موضوعات پر بات کرکے انہیں متنازع بنانے کی کوشش کی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق ملڑی کوڈ ہر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی پر لاگو ہوتے ہیں اسی وجہ سے جنرل ر اسد درانی کو جی ایچ کیو طلب کیا گیا ہے۔
چند روز قبل بھارتی صحافی ادتیا سنہا کی کتاب اسپائی کرانیکل کی رونمائی ہوئی۔ کتاب میں پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سابق چیف جنرل ریٹائرڈ اسد درانی اور بھارتی خفیہ ایجنسی کے سابق چیف جنرل ریٹائرڈ اے ایس دُلت کے انٹرویو شائع ہوئے ہیں۔ جنرل اسد درانی پر الزام ہے کہ انہوں نے انتہائی حساس نوعیت کے معاملات پر غلط طور پر بات کی ہے۔
اس وقت ملک بھر کی نظریں جی ایچ کیو پر ٹکی ہیں کہ آیا جنرل درانی کے خلاف کوئی کارووائی کی جاتی ہے یا انہیں معافی دے دی جائے گی۔