
جسٹس(ر) ناصرالملک پاکستان کے نگران وزیراعظم نامزد
اسلام آباد – خورشید شاہ اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ملاقات کامیاب، سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصرالملک پاکستان کے نگران وزیر اعظم نامزد کر دیئے گئے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے نگران وزیراعظم کا اعلان ایک پریس کانفرنس میں کیا۔
جسٹس ناصر الملک کا تعلق پاکستان کے خیبر پختونخواہ سے ہے اور وہ 17 اگست 1950 کو سوات میں پیدا ہوئے۔وہ 1994 میں اُنھیں پشاور ہائی کورٹ کا جج بنے۔ جسٹس ناصر الملک کو 2004 میں پشاور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس جبکہ ایک سال کے بعد سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا۔ وہ 6 جولائی 2014 سے 16 اگست 2015 تک چیف جسٹس رہے، جو پاکستان کے 22 ویں چیف جسٹس تھے۔
اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج تاریخی دن ہے، ہم جمہوری فیصلہ کر رہے ہیں، وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی کا مشکور ہوں، ناصر الملک کی عدلیہ میں تاریخی خدمات ہیں۔ خوشی ہے ہم ایک بار پھر 5 سال مکمل کر رہے ہیں، پاکستان ایک نئے سفر کی طرف گامزن ہے، امید ہے جو پارٹی بھی الیکشن جیت کر آئے گی وہ عوام کی خدمت کرے گی۔