
بھارت: مسلمان کی جان بچانے والے سکھ کی جان خطرے میں
ویب ڈیسک – انتہا پنسدی، جنونیت، مسلمان کی جان بچانے کا جرم سکھ پولیس افسر کی اپنی جان خطرے میں پڑ گئی۔ بھارت میں چند روز قبل ایک مسلمان نوجوان کو بھارتی انتہا پسندوں کے ہجوم سے بچانے والے سکھ پولیس افسر کو اپنی جان کے لالے پڑ گئے ، سکھ پولیس افسر کو ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے لگیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سکھ پولیس افسر گگندیپ سنگھ ایک مسلمان نوجوان کو ہندو انتہا پسندوں کے ہجوم سے بچانے کی خاطر ڈھال بنا ہوا ہے، انتہاپسند ہندو بار بار مسلمان نوجوان پر حملہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر گگندیپ سنگھ حملہ ناکام بنا دیتا ہے۔
اب اس سکھ پولیس افسر کی جان کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ ایک جانب تو بھارتی اس سکھ افسر کی بہادری کی مثالیں دے رہے ہیں اور تعریفوں کے پل باندھ رہے ہیں وہی ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے گگندیپ سنگھ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں اور بظاہر گگندیپ سنگھ کا اپنا پولیس ڈیپارٹمنٹ انتہا پسندوں کے آگے ہتھیار ڈالتا نظر آرہا ہے اسی وجہ سے گگندیپ کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔
گگندیپ سنگھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں صرف اپنا فرض نبھا رہا تھا۔ اگر میں وردی میں نہ بھی ہوتا تو بھی میں ایسا ہی کرتا اور ہر بھارتی کو یہی کرنا چاہیے۔‘
دوسری جانب ہندو انتہا پسندوں کا کہنا ہے کہ مسلم نوجوان پر الزام تھا کہ وہ ہندو لڑکی سے ملنے مندر آیا تھا اسی لئے اس پر حملہ کیا گیا۔