سب ٹھیک چھوڑ کر گئے تھے، اب ہم ذمہ دار نہیں: لوڈشیڈنگ کے سوال پر نوازشریف کا جواب

اسلام آباد – سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہم سب کچھ ٹھیک ٹھاک چھوڑ کر گئے تھے اب اگر لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے تو ہم ذمہ دار نہیں آپ نگران حکومت سے پوچھیں۔ وہ احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف آج احتساب عدالت میں پیشی کے بعد کمرہ عدالت صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ عدالت میں بار بار بجلی جانے پر ایک صحافی نے لوڈشیڈنگ کا سوال کیا تو نوازشریف نے اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ جب ہم گئے تھے تو ملک میں ٹھیک ٹھاک بجلی تھی، اب ہم لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار نہیں ہیں یہ سوال نگران حکومت سے پوچھیں۔

انہوں نے کہا کہ آخری دنوں میں شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے بجلی کے کئی منصوبوں کا افتتاح کیا۔

نوازشریف نے کہا کہ کیا کسی اور حکومت نے موٹر وے بنائی، اپنے سیاسی حریف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا موٹر وے کوئی بڑا پراجیکٹ نہیں؟ کیوں کہ انہوں نے خود کچھ نہیں بنایا۔

نواز شریف نے کہا کہ لواری ٹنل سے جو24 گھنٹے کا سفر تھا اب12 گھنٹے کا رہ گیا ہے، پہلے لوگ لواری ٹنل بند ہونے سے محصور ہوجاتے تھے، نیلم جہلم اور تربیلا کے پروجیکٹ دیکھ لیں۔

لاہورہائیکورٹ کے فیصلے پر سابق وزیراعظم نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کوئی بتائے سنگل بینچ کیسے پارلیمنٹ کے فیصلے کو معطل کر سکتا ہے، کون تھا جو ملک کو اندھیروں میں ڈبو گیا ، کون ہے جو ملک میں روشنیاں لیکر آیا ۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published.