
حکمرانوں کی نااہلی، ترکی پاکستان کے اثاثوں پر قبضہ کرنے کو تیار، ہوشربا انکشاف
ویب ڈیسک – پاکستان کے حکمرانوں کی ایک اور نا اہلی کا کیس سامنے آگیا، ملک کے تمام اثاثے برادر ملک ترکی کے قبضے میں جانے کو تیار، رینٹل پاور کیس میں 1 واٹ بجلی دیئے بغیر ترک کمپنی کا بل 1 ارب ڈالر بن گیا۔
انٹرنیشنل سینٹر فار سیٹلمنٹ آف انوسٹمنٹ ڈسپیوٹس (سرمایہ کاری کے تنازعات نمٹانے کے بین الاقوامی ادارے) کی جانب سے ترک کمپنی کارکے کارادینز الیکٹرک ایوروتیم اے ایس (Karkey Karadeniz Elektrilk Uretim AS) کی شکایت پر اسلام آباد کے ساتھ کیے جانے والے معاہدے کی خلاف ورزی پر ہرجانے اور یومیہ جرمانے کی مد میں عائد کردہ 950؍ ملین سے ایک ارب ڈالرز تک کی ادائیگی پاکستان کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہے اور پاکستان کی نگران حکومت کو یہ ادائیگی کرنے کا نہ تو اختیار حاصل ہے اور نہ ہی اس کے پاس فنڈ موجود ہیں کہ وہ اتنی بڑی رقم کی ادائیگی کرسکے جس کےمنفی اثرات دونوں ممالک پر مرتب ہوں گے۔
رینٹل پاور پروجیکٹس کے کیس کے 2012ء میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ترک کمپنی کارکے نے پاکستان کیخلاف آئی سی ایس آئی ڈی میں فروری 2013ء میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ کارکے کو پاکستان میں بجلی کے بحران سے نمٹنے کیلئے 560؍ ملین ڈالرز کا کنٹریکٹ دیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر یہ کنٹریکٹ پانچ سال کا تھا۔ تاہم، سابق وزراء مخدوم فیصل صالح حیات اور خواجہ آصف نے پیپلز پارٹی کی سابق حکومت کے اس معاہدے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ 2012-13ء میں اس وقت کے نیب پراسیکوٹر نے کارکے کے ساتھ معاملہ طے کرنے کی کوشش کی تھی لیکن چیف جسٹس افتخار چوہدری نے ان کی کوششوں کو روک دیا اور ترک کمپنی کے ساتھ معاملہ نمٹانے کی صورت میں سخت کارروائی کا انتباہ جاری کیا تھا۔
اب صورتحال یہ ہے کہ جسٹس (ر) ناصر الملک کی قیادت میں نگراں حکومت نے 800؍ ملین ڈالرز اور ساتھ ہی یومیہ جرمانے (جس سے کل ملا کر رقم ایک ارب ڈالرز تک جا پہنچے گی) کی ادائیگی کا فیصلہ کیا تو یہ سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہوگی کیونکہ عدالت عظمیٰ رینٹل پاور پروجیکٹ کو غیر قانونی قرار دے چکی ہے۔ اور اگر یہ ادائیگی نہ کی گئی تو رواں ہفتے میں ملک کو دیوالیہ قرار دیا جائے گا۔
ترک کمپنی کے حوالے سے دیکھا جائے تو پاکستان کو ایک واٹ بجلی بھی نہیں ملی اورپاکستان کو ان کے حکمرانوں کی نا اہلی کی بدولت ایک ارب ڈالر کی ادائیگی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور اگر یہ ادائیگی نہ کی گئی تو دوست اور برادر ملک ترکی کی کمپنی کسی بھی وقت پاکستان کے اثاثوں پر قبضہ کرسکتی ہے۔