این اے 53، عمران خان، عائشہ گلالئی اور شاہد خاقان کے کاغذات مسترد

اسلام آباد -عام انتخابات سے قبل چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کو بڑا دھچکا لگ گیا، ریٹرننگ آفیسر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے۔  عمران خان کے علاوہ  سابق وزیر اعظم سابق شاہد خاقان عباسی اور پی ٹی آئی (گ) کی سربراہ عائشہ گلالئی کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کر دیئے گئے۔ 

عمران خان کے خلاف سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے مشہور زمانہ سیتا وائٹ کیس کو بنیاد بنا کر عمران خان کے خلاف کیس فائل کیا تھا۔ جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے امیدوار عبدالوہاب نے عمران خان کے خلاف اعتراضات ریٹرننگ افسر کو جمع کرائے تھے، جس پر دونوں فریقین کے وکلاء کی جانب سے دلائل مکمل کیے گئے۔

سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابراعوان نے آرٹیکل 62 قانون شہادت آرڈیننس پڑھ کرسنایا اورکہا کہ عمران خان کے خلاف اعتراضات غیرتصدیق شدہ ہیں جوجعل سازی اورفراڈ پرمبنی ہیں۔  بابر اعوان نے موقف اختیار کیا کہ جس بیٹی کا حوالہ دیا گیا اس کی عمر27 سال ہے، نا تو ماں نے پاکستان میں کوئی دعوی کیا اور نا ہی بیٹی نے، عمران خان کے خلاف امریکا کی نام نہاد عدالت نے فیصلہ دیا، امریکی عدالت کے فیصلے کا اطلاق پاکستانی قوانین پر نہیں ہوتا۔

دوسری جانب اسی حلقے سے سابق وزیر اعظم سابق شاہد خاقان عباسی اور پی ٹی آئی (گ) کی سربراہ عائشہ گلالئی کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد ہوگئے ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ چئیرمین تحریک انصاف کے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 اور کراچی کے این اے 243 سے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published.