
حمزہ شہباز سن لو! لاہور تمہارے باپ کی جاگیر نہیں، زعیم قادری بھی ن لیگ چھوڑ گئے
مانیٹرنگ ڈیسک – مسلم لیگ ن کے ایک اور رہنما زعیم قادری نے اپنی جماعت کے خلاف علم بغاوت بلند کر دیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران زعیم قادری سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز سے نالاں نظر آئے اور حمزہ شہباز کو للکارتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز سن لو! لاہور تمہارے باپ کی جاگیر نہیں۔ انہوں نے حلقہ این اے 132 سے حمزہ شہباز کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان بھی کر دیا۔
مسلم لیگ میں ٹکٹوں کی بندر بانٹ کے دوران نظر انداز کئے جانے پر زعیم قادری خاصے غصے میں نظر آئے سابق وزیر برائے ریلوے اور سنئیر لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے بھی زعیم قادری کو منانے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہے۔ خواجہ سعد رفیق کے ساتھ ملاقات کے بعد زعیم قادری نے لاہور میں پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن سے علیحدگی کا اعلان کیا۔
زعیم قادری کا کہنا تھا کہ میں حمزہ شہباز شریف کے بوٹ پالش نہیں کرسکتا، اور حمزہ شہباز سن لو لاہور تمہارے اور تمہارے باپ کی جاگیر نہیں، میں تمہیں سیاست کرکے دکھاؤں گا
زعیم قادری نے کہا کہ مجھے شہباز شریف نے 2008 کے اوائل میں فون کرکے کہا کہ سیکرٹری جنرل کا عہدہ چھوڑ دو، میں نے حکم کی تعمیل کی، ناپسند ہونے کی وجہ سے میری خدمت اور قربانی کو فراموش کرکے تبدیل کردیا گیا اور عہدوں سے ہٹادیا گیا۔ میں نے بہت کچھ برداشت کیا، جو لوگ پارٹی میں نہیں تھے انہیں وزرا بنادیا گیا، 10 سال میں پارٹی میں کسی نے ن لیگ کا دفاع نہیں کیا جتنا میں نے کیا۔