صرف 6 ماہ میں کوڑا صاف، 3 سال میں ہر گھر میں پانی، شہباز شریف کا کراچی کو لارا

کراچی – مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کراچی سے باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے بلند وبانگ دعوے کرنے شروع کر دیئے۔ کہتے ہیں کہ اگر اس بار پھر وفاقی میں حکومت ملی تو صرف 6 ماہ میں کراچی کا کوڑا صاف کر دیں گے اور 3 سال میں کراچی کے ہر گھر میں صاف پانی نلکوں میں آئے گا۔

وہ کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ جھوٹ کے بجائے اپنی کارکردگی پر بات کرنا چاہیے، 2014 کے دھرنوں کی وجہ سے سی پیک ایک سال تاخیر کا شکار ہوا اور 7 ماہ تک پاکستان کو مکمل بند کیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت سے پہلے کراچی کا برا حال تھا ہم نے کراچی کو دہشت گردی سے نجات دلائی اور ملک سے بجلی کا بحران ختم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ملک میں 18، 18 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی اور اب ملک میں 90 فیصد لوڈ شیڈنگ ختم ہو چکی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کالاباغ قومی وحدت کو نقصان پہنچاکر نہیں بنایا جاسکتا، 20 سال ضائع کردیئے گئے۔ ہمیں بھاشا ڈیم پر توجہ دینا ہوگی، ڈیم کی زمین ڈھونڈی جاچکی ہے اور اس پر 100 ارب کی سرمایہ کردی، پانچ سال میں اس ڈیم کا مکمل ہونا مشکل ہے لیکن اللہ نے موقع دیا تو پانچ سال میں بھاشا ڈیم کو 80 فیصد تک مکمل کردیں گے، اس سے 4 ہزار میگاواٹ سستی بجلی پیدا ہوگی۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published.