
نا اہلیوں کا موسم، دانیال عزیز بھی 5 سال کے لئے باہر
مانیٹرنگ ڈیسک – الیکشن 2018 سے بڑے بڑے سیاسی برج الٹنا شروع ہو گئے، شاہد خاقان عباسی، فواد چودھری کے بعد دانیال عزیز بھی نا اہل قرار، عدالت نے انہیں توہین عدالت کا مجرم ٹھہراتے ہوئے 5 سال کے لئے نا اہل قرار دے دیا اور ساتھ ہی عدالت برخاست ہونے تک قید کی سزا بھی سنا دی۔
عدالتی فیصلے کی رو سے دانیال عزیز ججوں اور عدالت کی توہین کے مرتکب پائے گئے اور آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت سزا کے حقدار ہوئے۔ سپریم کورٹ کے جج جسٹس مشیر عالم نے دانیال عزیز کو سزا سنائی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میرےخلاف 3 الزامات تھے، کچھ الزامات 8 ماہ پرانے تھے، جس لفظ پر توہین عدالت لگی وہ میں نے نہیں کہا۔ انہوں نے کہا یوسف رضا گیلانی، آصف زرداری، جاوید ہاشمی نے بھی سزا کاٹی، زرداری صاحب نے سزا کاٹی تو وہ ملک کے صدر بن گئے۔
اس سے قبل گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کو بھی عدالت نے الیکشن کے لئے نااہل قرار دے دیا تھا۔