چوکھٹ کو بوسہ دیا، اکثریت نہ ملی تو اپوزیشن میں بیٹھیں گے، عمران

مانیٹرنگ ڈیسک – چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے بابا فرید گنج شکر ؒ کے مزار پر حاضری دینے کے حوالے سے ہوئی ایک بحث کوختم کرتے ہوئے کہا کہ سجدہ صرف اللہ کی ذات کو کیا جا سکتا ہے، میں بابا فرید کا عقیدت مند ہوں اور عقیدت میں ان کی چوکھٹ کو بوسہ دیا۔ سوشل میڈ یا پر عمران خان اور ان کی اہلیہ کی ایک ویڈیو زیرگردش ہے جس میں عمران خان بابا فرید کی چوکھٹ پر بوسہ دے رہے ہیں جسے لوگوں نے سجدہ سمجھ لیا۔

عمران خان نے ایک نجی ٹی وی چینل پر انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہمیں الیکشن 2018 میں اکثریت نہ ملی تو ہم کسی سے اتحاد کرنے کی بجائے اپوزیشن میں بیٹھنا پسند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جنگ کرپشن کے خلاف ہے، کرپٹ لوگوں سے اتحاد ممکن نہیں۔

ٹکٹوں کے حوالے سے پی ٹی آئی کارکنان کے جاری احتجاج کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے تحریک انصاف کا کارکن ناراض ہے اور ان کا دل ٹوٹا ہے لیکن اگر ہم الیکشن نہ جیت سکے تو باہر بیٹھ کر کچھ نہیں کر سکتے ۔

عمران خان نے اپنی سابقہ اہلیہ ریحام خان اور دانیال عزیز کے بارے صحافی روف کلاسرا کے دعوں کی قلعی بھی کھول دی اور کہا کہ یہ سب جھوٹ ہے۔ عمران خان نے ایک انکشاف یہ بھی کیا کہ ان کے موجودہ کتے کا نام شیرو نہیں موٹو ہے جو کہ شیرو ہی کا بیٹا ہے۔

تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان نے اپنے انٹرویو میں نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی بیماری پر کی جانے والی سیاست کی مذمت کی اور ان کہا کہ وہ بیگم کلثوم نواز کے لئے دعا گو ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے شہباز شریف اور نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں بھائیوں نے اتنے سال حکومت کرنے کے باوجود پنجاب میں ایک ایسا ہسپتال نہ بنایا جہاں بیگم کلثوم نواز کا علاج ہو سکے۔