
نوازشریف بتائیں میں نےکون سی بے وفائی کی؟ نثار کا سوال
ٹیکسلا – نوازشریف کے دیرینہ ساتھی اور ناراض لیگی رہنما چودھری نثار نے ایک بار پھر اپنے سابق قائد پر نشتر برساتے ہوئے سوال داغ دیا کہ نوازشریف بتائیں میں نے ان سے کب بے وفائی کی؟ چودھری نثار نے کہا کہ ماضی میں پارٹی کو گالیاں دینے والوں کو الیکشن کے ٹکٹ جاری کر دیئے گئے۔
سابق وزیرداخلہ ٹیکسلا میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ میرے خون میں شامل ہے لیکن میری ٹانگ اندر سے کھینچی گئی، سینے پر ہاتھ رکھ کر کہتا ہوں منافقت نہیں کرتا، وفاداریاں بھی نبھاتا ہوں اور مخالفتیں بھی نبھاتا ہوں اور کسی سے ہچکچاتا نہیں، کبھی کسی مخالف کے ساتھ بھی زیادتی نہیں کی۔
چودھری نثار نے کہا کہ میں نے کون سے ایسے بیا ن دئیے اور میں کب پارٹی کے ساتھ کھڑا نہیں رہا ، میں نے صرف یہ کہا کہ عدلیہ اور فوج سے مت لڑو۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا کرم ہے کہ میں نے کامیاب سیاست کی، ایسا کوئی کام نہیں کیا جس پرشرمندگی ہو یا مجھے ووٹ دینے والے شرمندہ ہوں، بطور وزیر داخلہ جو کام کیا ضمیر کے مطابق کیا۔