
الیکشن بائیکاٹ کا سوچ بھی نہیں سکتے، جیل جانے کے لئے تیار ہوں: مریم نواز
لندن – برطانیہ کے شہر لندن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے ہارلے کلینک کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن بائیکاٹ کا سوچ بھی نہیں سکتے ایسی قیاس آرائیوں کی کوئی حیثیت نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم آخری بال تک مقابلہ کریں گے اور یقین ہے آخر میں فتح مسلم لیگ (ن) کی ہی ہوگی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم ڈرنے والوں میں سے نہیں اگر ہمیں جیل جانا پڑا تو ہم اس کے لئے بھی تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پانامہ کیس کو جس طرح ہینڈل کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے۔ ہم نے 100 کے قریب پیشیاں بھگتیں۔
یاد رہے کہ عدالت نے ایوین فیلڈ ریفرنس کیس کا فیصلہ دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کر لیا گیا ہے اوریہ فیصلہ 6 جولائی بروز جمعہ کو سنایا جائے گا۔ امید کی جا رہی ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز 10 جولائی تک وطن واپس آجائیں گے مگر ان دنوں کی واپسی بیگم کلثوم نواز کی طبیعت سے مشروط ہے۔