تین ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ فائنل: آسٹریلیا کے خلاف پاکستان 6 وکٹوں سے سرخرو

ہرارے – زمبابوے میں کھیلی جانے والی تین ملکی سیریز پاکستان نے جیت لی۔ پاکستان نے فائنل میں آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔

آج تین ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا جو قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ پاکستانی اوپنر فخر زمان نے 91 رنز کی شاندار اننگرز کھیلی۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کینگرو اوپنرز ڈارسی شارٹ اور ایرون فنچ نے اپنی ٹیم کو 95 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا۔ ایرون فنچ نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 27 گیندوں پر 47 رنز بنائے جبکہ ڈارسی شارٹ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 76 رنز بنائے اور آؤٹ ہوگئے۔ دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کا کوئی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر نہ کھڑا رہ سکا تاہم مقررہ اوورز میں آسٹریلیا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔

184 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے دونوں اوپنرز پہلے ہی اوور میں کھو دیئے۔ لیکن پھر کپتان سرفراز احمد اور فخر زمان نے اچھاے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ سرفراز کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک اور فخر زمان نے جارحانہ کھیل پیش کیا، دونوں کھلاڑی نے 107 رنز کی شراکت قائم کی تاہم فخززمان ایک بار پھر اپنی سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے اور 91 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 43 رنز بنائے، شعیب ملک اور فخر زمان کی جارحانہ اننگز کے باعث پاکستان نے آسٹریلیا کا 183 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔

فخر زمان اس ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ جبکہ میچ میں بہترین بلے بازی کی وجہ سے انہیں فائنل میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

 

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *