
نوازشریف اور مریم نواز کو بذریعہ ہیلی کاپٹر اڈیالہ جیل پہنچانے کا فیصلہ
مانیٹرنگ ڈیسک – اب تک کی سب سے بڑی خبر، سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی پاکستان آمد پر گرفتاری کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا گیا، دونوں کو لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل پہنچا دیا جائے گا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق نیب نے کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے اور مجرمان کو سیاسی فائدہ حاصل کرنے سے روکنے کے لئے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت نوازشریف اور مریم نواز کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے ہی گرفتار کر کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جیل لے جایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ڈی جی نیب سلیم شہزاد نے چئیرمین نیب کا باضابطہ خط بھی لکھ دیا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ روز نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کے موقع میں نیب کو شدید مشکلات کا اس وقت سامنا کرنا پڑا جب محمد صفدر جلوس کی شکل میں گرفتاری دینے آئے مگر ڈرامائی انداز میں مسلم لیگ ن کے کارکن بار بار مجرم کی گرفتاری میں حائل ہوتے رہے۔
جبکہ پلان بی کے طور پر ائیرپورٹ سے جاتی امرأ جانے والے تمام راستوں کی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے حفاظتی اقدامات کے تحت ڈھائی ہزار پولیس اہلکار روٹ پر تعینات کئے جائیں گے۔ ڈیوٹی کرنے والی نفری میں اینٹی رائٹ فورس، پیٹرولنگ اور ایلیٹ فورس کے اہلکار شامل ہونگے۔