
پشاور اے این پی کی کارنر میٹنگ پر خودکش حملہ، ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید
پشاور – پھولوں کا شہر پشاور ایک بار پھر دہشت گردی کے نشانے پر، اے این پی رہنما مرحوم بشیر بلور کے صاحبزادے بیریسٹر ہارون بلور انتخابی مہم کے دوران خود کش حملے میں شہید ہو گئے۔ ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید جبکہ 60 سے زائد شدید زخمی ہو گئے۔ حملہ اے این پی کی کارنر میٹنگ کے دوران ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے یکہ توت اے این پی کی انتخابی مہم جاری تھی، انتخابی امیدوار ہارون بلور میٹنگ میں آئے تو کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، ہارون بلور کی آمد کے کچھ دیر بعد ہی ایک خودکش حملہ آور نے خود کو ہجوم کے اندر گھس کر اڑا لیا جس سے بیرسٹر ہارون بلور سمیت 20 افراد موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ کارکنوں کی ایک بڑی تعداد زخمی ہو گئی۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
شہید ہارون بلور کے چچا الیا س بلور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا انہیں کوئی دھمکیاں نہیں مل رہی تھیں، وہ معمول کے مطابق انتخابی مہم چلا رہے تھے۔ میت آبائی گھر منتقل کر دی گئی۔ یاد رہے کہ ہارون بلور کے والد بشیر بلور بھی 2012 میں ایک خودکش حملے میں شہید ہو گئے تھے۔ جبکہ ہارون بلور خود بھی ایک اس حملے سے قبل ایک حملے میں معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ شہید ہارون بلور کی نماز جنازہ آج ان کے آبائی گھر ادا کی جائے گی۔