جیل ہو یا پھانسی، مشن جاری رہے گا: نوازشریف کا اعلان
یہ خبر لائیک کریں

ویب ڈیسک – لندن میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے کہا کہ جیل ہو یا پھانسی، ووٹ کو عزت دو مشن جاری رہے گا۔ ان  کا کہنا تھا کہ عوام کی خاطر واپس جارہا ہوں، میرا نام ای سی ایل میں ڈالنے والے بھی سن لیں، وہ بھی سن لیں جو میرے سیاسی پناہ کی بات کر رہے تھے۔ عوام سے وعدہ کیا ہے، حاکمیت کو بحال کر کے رہوں گا، ووٹ کو عزت دو کے فیصلہ کن مشن میں قوم کو تنہا نہیں چھوڑ سکتا۔ اس مشن میں جیل ہو یا پھانسی قدم نہیں رکنے دوں گا۔ نواز شریف نےاعلان کیا کہ میں اور مریم کل شام پاکستان روانہ ہو رہے ہیں۔ اہلیہ کو وینٹی لیٹر پر چھوڑ کر دکھ کے عالم میں واپس جا رہا ہوں۔

نواز شریف نے کہا کہ مجھے بیٹے سے خیالی تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نااہل کردیا گیا، کیا اس طرح ہوتے ہیں فیصلے؟ کیا اس طرح قانون کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں۔ مفروضوں کی بنیاد پر کئی، کئی سال کی سزا سنا دی جاتی ہے۔ لاڈلوں، چہیتوں اور ہمیں کسی اور ترازو میں تولا جاتا ہے۔ آئین اور قانون کا مذاق کب تک اڑایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیب کے جج نے بھی لکھا کہ میرے خلاف کرپشن کا کوئی الزام نہیں، میرے خلاف کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی۔ پھر بھی مجھے، بیٹی اور داماد کو سزائیں سنا دی گئیں۔ سزاؤں کا فیصلہ کہیں اور ہو چکا تھا۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ الیکشن سے من پسند نتائج حاصل کرنے کے لیے ملکی تقدیر سے کھیلا جارہا ہے۔ اب پردے ڈالنے کا وقت گزر چکا، حقائق سامنے لانے کا وقت آگیا۔ اب زیادہ دیر چپ رہنا قوم سے غداری ہوگی۔ کب تک جیلوں میں سڑتے رہیں گے۔

یہ خبر لائیک کریں

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *