
مستونگ: خود کش حملے میں سراج رئیسانی سمیت 70 افراد شہید
ویب ڈیسک – صوبہ بلوچستان کے علاقے مستونگ میں پیش آیا ایک افسوسناک واقعہ، خودکش حملے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سراج رئیسانی سمیت 70 افراد شہید ہو گئے جبکہ 90 سے زائد زخمی ہو گئے۔
خودکش حملہ سراج رئیسانی کے انتخابی قافلے پر ہوا۔ یہ آج کے دن میں دوسرا حملہ تھا اس سے قبل خیبرپختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ اکرم درانی کے قافلے پر بھی ریموٹ کنٹرول بم حملہ کیا گیا جس میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔
مستونگ دھماکے کے بعد کوئٹہ کے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ چھٹی پر موجود ڈاکٹروں اور طبی عملے کو واپس طلب کر لیا گیا ہے۔ نوابزادہ سراج رئیسانی بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار تھے اور حلقہ پی بی 35 مستونگ سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے۔ وہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے بھائی تھے۔
چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے بھی سراج رئیسانی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں مرنے والوں کے ساتھ اظہارِ افسوس اور تعزیت کی ہے۔