
باپ بیٹی گرفتار، نوازشریف اڈیالہ جیل ، مریم نواز سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل
مانیٹرنگ ڈیسک – نیب نے سابق وزیراعظم نواز اور ان کی بیٹی مریم نواز کو گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا۔ آج رات نوازشریف کا طیارہ ابوظہبی لاہور پہنچا تو نیب اہلکاروں نے دونوں باپ بیٹی کو طیارے میں گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کے بعد نوازشریف کو اڈیالہ جیل جبکہ مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی سے پرواز ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچی۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر گرفتاری کے بعد نواز شریف اور مریم کو ایک خصوصی طیارے میں سوار کرایا گیا جس نے تھوڑی ہی دیر کے بعد اڑان بھر لی، یہ تمام مراحل آسانی سے انجام پائے اور سابق وزیرِاعظم کی جانب سے اپنی گرفتاری کے موقع پر کوئی مزاحمت سامنے نہ آئی۔
حیرت انگیز طور پر مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد شہباز شریف کی ریلی میں ہی مصروف رہی جبکہ ادھر ائیرپورٹ پر نواز شریف اور مریم نواز تنہا ہی گرفتاری دیتے نظر آئے۔ اس موقع پر لیگی کارکنوں کی جانب سے کوئی احتجاج نظر نہ آیا۔
سہہ پہر 3 بجے شروع ہوئی ریلی رات 10 بجے نوازشریف کی گرفتاری کے وقت مال روڈ تک ہی پہنچ پائی تھی۔ نوازشریف کا ائیرپورٹ پر استقبال کا لیگی رہنماؤں کا دعویٰ محض دعویٰ ہی نظر آیا اور کوئی بھی قابل ذکر رہنما ائیرپورٹ تک نہ پہنچ سکا۔