
نگران حکومت تحریک انصاف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے، شہباز شریف کا الزام
ویب ڈیسک – پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے پنجاب کی نگران حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب حکومت ایک کٹھ پتلی حکومت ہے جو چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے اشاروں پر ناچ رہی ہے۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اس سارے معاملے میں خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔
انہوں نے عمران خان کو ایک بار پھر الزام خان اور بہتان خان کا لقب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے جلسے فلاپ ہوتے جا رہے ہیں۔ ان کی ریلیوں اور جلسوں میں گنتی کے لوگ ہوتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نگران حکومت اصل میں پی ٹی آئی ہی کی حکومت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے صوبے کیلئے 300 ارب کا قرضہ لیا لیکن خیبر پختونخوا کا بیٹرا غرق کر دیا، انہوں نے ایک ارب درخت لگانے کا جھوٹ بولا، چیئرمین پی ٹی آئی نے کرپشن ختم کرنے کا دعویٰ کیا مگر پشاور میٹرو بس کا ٹھیکہ بلیک لسٹ کمپنی کو دیدیا۔
انہوں نے عوام سے وعدہ کیا کہ اگر ن لیگ کو دوبارہ اقتدار ملا تو ہم سوات، مینگورہ اور ملاکنڈ کو تمام سہولتیں دیں گے، پانی کی قلت پر قابو پانے کیلئے خیبر پختونخوا میں ہزاروں چھوٹے ڈیمز بنائیں گے۔