
ڈیرہ اسماعیل خان خودکش دھماکہ، تحریک انصاف کے اکرام اللہ گنڈاپور شہید
ڈیرہ اسماعیل خان – انتخابی مہم پر دہشت گردی کے سائے، ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اکرام اللہ گنڈا پور کی گاڑی پر خودکش حملہ، اکرام اللہ گنڈا پور ڈرائیور سمیت شہید ہوگئے۔ کئی کارکن شدید زخمی بھی ہوئے۔
ڈیرہ اسمٰعیل خان میں تحریک انصاف کے امیدوار اکرام اللہ خان گنڈا پور کے انتخابی جلسے کے قریب خودکش دھماکا ہوا جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ اکرام اللہ خان پی کے 99 میں انتخابی جلسے میں شرکت کیلئے آ رہے تھے کہ اسی دوران ان کی گاڑی کے قریب زوردار دھماکہ ہوگیا جس سے ان سمیت کئی کارکن زخمی ہوگئے۔بعد ازاں اکرام اللہ گنڈا پور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ اکرام اللہ گنڈا پور کے ساتھ ان کا ڈرائیور رمضان بھی شہید ہو گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکہ خودکش تھا اور اس کا ہدف اکرام اللہ گنڈاپور ہی تھے۔ ھماکے کی اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچ گئی جس نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے اکرام اللہ گنڈا پور کی شہادت پر گہرے غم کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ اکرام اللہ گنڈا پور پی کے 99 سے تحریک انصاف کے امیدوار تھے۔