
جسٹس شوکت کی متنازع تقریر، فوج کی اعلیٰ عدلیہ سے نوٹس لینے کی درخواست
مانیٹرنگ ڈیسک – اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت صدیقی نے گزشتہ روز راولپنڈی بار میں تقریر کرتے ہوئے پاک فوج، آئی ایس آئی اور اعلی عدلیہ کے بارے میں سخت باتیں کی اور موجودہ سیاسی حالات میں فوج کے اثرورسوخ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
جسٹس شوکت صدیقی کے الزامات کی سنگینی اس نوعیت کی تھی آج کراچی میں پہلے چیف جسٹس ثاقب نثار نے ان کے بیانات پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور اب پاک فوج نے اعلیٰ عدلیہ سے جسٹس شوکت صدیقی کے بیانات پر نوٹس لینے کی درخواست کر دی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے معززجج نے ریاستی اداروں پرانتہائی سنگین الزام لگائے، ان ریاستی اداروں میں عدلیہ اورخفیہ ایجنسی بھی شامل ہے، سپریم کورٹ لگائے گئے الزامات سے متعلق مناسب کارروائی کرے۔
اطلاعات ہیں کہ چیف جسٹس پاکستان نے جسٹس شوکت صدیقی کی تقریر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پیمرا سے تقریر کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سنا ہے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج نے کافی باتیں کی ہیں۔ ہم جائزہ لیں گے اور مناسب قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔