
ملک بھر میں ووٹنگ کا وقت ختم، پاکستان کا اگلا وزیراعظم کون؟ فیصلہ کچھ دیر بعد
ویب ڈیسک – پاکستان بھر میں پولنگ کا وقت ختم ہو گیا۔ کروڑوں پاکستانیوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس سے قبل سیاسی جماعتوں کی جانب سے پولنگ کا وقت بڑھانے کی گذارش کی گئی جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا تھا۔ ۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پولنگ کا عمل جوش و خروش سے ہوا جو 6 بجے تک جا ری رہا۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی تھی۔ ۔ پولنگ سٹیشنوں کے باہر ووٹ ڈالنے والوں کی لمبی قطاریں موجود تھیں۔ ووٹروں کی ایک بڑی تعداد کو باہر دیکھ کر مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور عوام مسلم لیگ نے پولنگ کے وقت میں اضافہ کرنے کی استدعا کی تھی۔
الیکشن کمیشن کا ایک ہنگامی اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پولنگ کے وقت میں اضافہ نہیں کیا جائے گا تاہم پولنگ سٹیشن کی حدود کے اندر موجود ووٹروں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی۔
ملک بھر کے پولنگ سٹیشنوں پر ویسے تو کوئی دھاندلی کی اطلاع نہیں ملی لیکن ملک بھر ووٹنگ کے عمل کو سست روی کی شکایات تواتر سے موصول ہوتی رہیں۔ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ پاکستان کے اگلے وزیراعظم کا اعلان کچھ دیر بعد کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی کی 272 میں سے 270 جب کہ چاروں صوبوں کی مجموعی طور پر 577 میں سے 570 نشستوں پر آج رائے شماری ہوگی۔ قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 12 ہزار 570 امیدوار میدان میں ہیں۔
ملکی تاریخ میں پہلی بار پہلی بار تعلیمی اداروں کے علاوہ دوسرے اداروں سے بھی ملازمین کو انتخابی ڈیوٹی کا حصہ بنایا گیا ہے، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ سے 6 ہزار سے زائد اساتذہ کو الیکشن ٹریننگ کرائی گئی ہے۔
پاکستان بھر میں 85 ہزار 252 پولنگ اسٹیشنز جب کہ 2 لاکھ 41 ہزار 132 پولنگ بوتھ قائم کئے گے ہیں۔ جن میں سے 17 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
آج عام انتخابات کے روز ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لئے سیکیورٹ اداروں کی بھاری نفری پولنگ سٹیشنوں کے باہر تعینات کی گئی ہے۔ جبکہ کسی بھی قسم کی دھاندلی کو روکنے کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔