الیکشن 2018: خیبر سے کراچی تک تحریک انصاف کی سونامی سب بہا لے گئی

اسلام آباد – الیکشن 2018 کے بڑے نتائج آنا شروع ہوئے تو پاکستان تحریک انصاف خیبر تا کراچی ایک قومی جماعت بن کر ابھری اور ملک بھر میں بڑے بڑے برج الٹتی چلی گئی اب تک غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کی روشنی میں پاکستان تحریک انصاف 115 سیٹوں کے ساتھ سب سے آگے جا رہی ہے جبکہ مسلم لیگ ن 62 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور پیپلزپارٹ کا 30 سیٹوں کے ساتھ تیسرا نمبر ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل کے بعد رزلٹ مہیا کرنے کا عمل بھی نہایت سست روی کا شکار ہے۔ اس سستی کی وجہ سے جہاں تحریک انصاف کی جیت کے جشن کا مزہ کرکرا ہوا وہیں دیگر سیاسی جماعتوں کو انتخابی نتئاج پر انگلیاں اٹھانے کا موقع مل گیا۔ گذشتہ رات مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے الگ الگ پریس کانفرنس کر کے فارم 45 کی فراہمی پر اعتراض اٹھایا، مسلم لیگ ن نے انتخابی نتائج ماننے سے سرے سے ہی انکار کر دیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نتائج میں تاخیر کا ذمہ دار ٹیکنالوجی ٹھہرا دیا۔ سیکرٹری الیکشن کمشن بابر یعقوب نے رات گئے پریس کانفرنس میں کہا کہ سسٹم بیٹھ جانے کی وجہ نتائج کا عمل سستی کا شکار ہوا۔ الیکشن کمیشن نے پہلی بار انتخابی نتائج کو شفاف بنانے کے لئے موبائل اپلیکشن RTS  کا سہارا لیا تھا جو کہ بظاہر ایک ناکام تجربہ نظر آرہا ہے۔

تحریک انصاف کی جیت کی بات کریں تو پی ٹی آئی نے کے پی کے میں لگاتار دوسری بار حکومت بنا کر ایک منفرد ریکارڈ بنا دیا۔ خیبر پختونخواہ کی تاریخ کو دیکھا جائے تو وہاں تحریک انصاف سے پہلے کوئی بھی جماعت لگاتار دوسری بار حکومت نہیں بنا سکی تھی۔ تحریک انصاف نے کے پی کے کے علاوہ اسلام آباد میں بھی بڑی کامیابیاں حاصل کی۔ تحریک انصاف نے کراچی اور فیصل آباد کی سیاست میں بھی بڑا شگاف ڈال دیا ۔ کراچی جہاں کبھی متحدہ قومی موومنٹ کا راج ہوا کرتا تھا وہاں کی 21 میں سے 12 سیٹوں پر تحریک انصاف نے برے مارجن سے کامیابیا ں حاصل کیں۔

فیصل آباد میں سابق وزیر قانون رانا ثنأ اللہ قومی اور صوبائی دنوں سیٹوں پر شکست کھا گئے جبکہ عابد شیر علی،  طلال چوہدری بھی اپنی اپنی نشستوں سے شکست کھا گئے اور فیصل آباد میں بھی تحریک انصاف نے اپنا سکہ جما لیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اب تقریباً 50 فیصد نتائج کا اعلان کیا گیا ہے جس میں تحریک انصاف واضح لیڈ کے ساتھ سب سے آگے ہے۔

Pictures: PTIOfficial (Facebook)

تبصرہ کریں

Your email address will not be published.