
پنجاب میں حکومت بنائیں گے، روکا گیا تو بھرپور جواب دیں گے: حمزہ شہباز
لاہور – مسلم لیگ کے رہنما حمزہ شہباز نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں پنجاب میں حکومت بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب حکومت بنائیں گے اور اگر ہمیں ایسا کرنے سے روکا گیا تھا وفاق میں حکومت چلانے نہیں دیں گے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب تعلیم اور صحت کے میدان میں خیبر پختونخوا سے آگے ہے، مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کےطول و عرض میں شاندار اسپتال بنائے ہیں،صوبے بھر میں 19 یونیورسٹیاں بنائی گئیں، پوری قوم اور بالخصوص پنجاب میں لوگوں نے بھرپور ووٹ دیے۔
حمزہ شہباز نے الزام عائد کیا کہ انتخابات میں پری پول دھاندلی کی گئی، الیکشن سے قبل ہم پر مقدمے بنائے گئے، ہمارے ایجنڈز کو مارا اور گرفتار کیا گیا، ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا، ہمارے ٓائنی اختیارات چھینے گئے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کو حکومت بنانے کا موقع دیا اور اب (ن) لیگ پنجاب میں سب سے زیادہ نشستیں لینے والی پارٹی بن کر ابھری ہے اس لیے تمام آئینی اداروں کو کہنا چاہتا ہوں کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) حکومت بنائے گی اور اب جمہوری روایات کا پاس کیا جائے۔