
ایم کیو ایم اور تحریک انصاف میں محبتیں، متحدہ نے آخر کار پی ٹی آئی کو ’’ہاں‘‘ کر دی
ویب ڈیسک – کراچی کی سیاست میں ایک اور کروٹ ، ماضی میں ایک دوسرے پر بدترین الزامات لگانے والے مخالفین تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ میں الحاق ہو گیا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے کنونئیر خالد مقبول صدیقی نے گزشتہ رات اعلان کیا کہ متحدہ قومی موومنٹ وفاق میں تحریک انصاف کو سپورٹ کرتے ہوئے حکومتی بینچوں پر بیٹھے گی۔
تحریک انصاف کی کراچی میں خاطرخواہ کامیابی کے باوجود وفاق میں پی ٹی آئی کو حکومت سازی کے لئے ایم کیو ایم کی سپورٹ کی ضرورت تھی۔ کئی روز کے سسپنس کے بعد بالاخر ایم کیو ایم نے تحریک انصاف کو ’’ہاں‘‘ کر دی۔ چند روز قبل سابق گورنز سندھ نے بھی خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی اور انہیں اپوزیشن کا ساتھ دینے کو کہا۔
تحریک انصاف کے نااہل رہنما جہانگیر ترین کی کاوششوں کے نتیجے میں متحدہ قومی موومنٹ نے اپنا ووٹ کا تحریک انصاف میں ڈال دیا۔ جہانگیر ترین نے ایم کیو ایم رہنماؤں سے کراچی میں کئی اہم ملاقاتیں کیں اور انہیں یقین دہانیوں کے بعد منانے میں کامیاب ہو گئے۔
ایم کیو ایم کے تحریک انصاف کے ساتھ دینے سے ایوان میں عمران خان کو وزیراعظم بنانے کے لئے مطلوبہ سیٹوں کی تعداد پوری ہونے کی امید ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عمران خان بلا کسی مشکل کے وزیراعظم منتخب کر لئے جائیں گے۔