ن لیگ کے اقبال گجر کو شکست، پرویز الٰہی سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب

لاہور – ن لیگ کے تخت لاہور پر ایک ضرب، مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہو گئے۔ پنجاب اسمبلی میں ہوئے سپیکر کے انتخابات میں پرویز الٰہی نے 201 ووٹ لئے۔مجموعی طور پر 349 ووٹ کاسٹ کئے گئے، مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری اقبال گجر نے 147 ووٹ حاصل کئے، ایک ووٹ مسترد ہوا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی پنجاب کے بڑے سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ مشرف دور میں وزیر اعلیٰ پنجاب بھی رہے ہیں۔ چوہدری پرویز الٰہی کی کامیابی کے بعد مسلم لیگ ن کے اراکین صوبائی اسمبلی نے سپیکر کے ڈیسک کا گھراوٴ کر لیا اور شدید نعرے بازی کی۔ سپیکر رانا محمد اقبال نے پرویز الٰہی سے حلف لیا۔

پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے 176 ممبران نے حلف اٹھایا جن میں 139 جنرل، 33 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان شامل ہیں۔ مسلم لیگ ن کے 162 ارکان نے حلف اٹھایا جن میں 128 جنرل، 30 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان شامل ہیں۔ مسلم لیگ ق کے 10، پیپلز پارٹی کے 7، راہ حق پارٹی کا ایک اور 3 آزاد ارکان بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں، 13 اراکین اسمبلی نے تاخیر سے پہنچنے کے باعث بعد میں حلف اٹھایا۔