احسان مانی کرکٹ بورڈ کے چئیرمین، وزیراعظم عمران خان کا فیصلہ، سیٹھی مستعفیٰ

اسپورٹس ڈیسک – وزیراعظم عمران خان نے احسان مانی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چئیرمین مقرر کرد یا۔ احسان مانی انرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر رہ چکے ہیں۔احسان مانی کرکٹ کے معاملات چلانے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور بین الاقوامی طور پر بھی اچھی شہرت کے حامل ہیں۔

وزیرِاعظم عمران خان نے یہ اعلان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے ایک پیغام میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس میدان میں وسیع تجربہ رکھنے والے احسان مانی کو بطور چیئرمین پی سی بی مقرر کر دیا ہے۔ انہوں نے ناصرف آئی سی سی میں پاکستان کی نمائندگی کی بلکہ وہ سال تک آئی سی سی کے خزانچی اور سربراہ کی حیثیت سے بھی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔

اس سے قبل کرکٹ بورڈ کے سابق چئیرمین نجم سیٹھی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے بھی ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنے استعفے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ  استعفیٰ دینے کیلئے نئے وزیرِاعظم کے آنے کا انتظار کر رہا تھا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھاؤں گا جس سے پی سی بی کو نقصان ہو، کرکٹ سے میری روزی روٹی وابستہ نہیں ہے، میں ٹی وی پر اپنا شو بھی شروع کر سکتا ہوں۔