ایک دن میں سگریٹ کی 2 ڈبیاں پھونکنے والا 3 سال کا بچہ

ویب ڈیسک – یوں تو تمباکو نوشی کو ہر لحاظ سے ہی برا جانا جاتا ہے لیکن اگر کوئی کم عمر بچہ سگریٹ پیتا نظر آجائے تو اس کی یہ عادت بہت معیوب سمجھی جاتی ہے۔ لیکن اگر بچہ 3 سال کا ہو اور  وہ دن میں 40 سگریٹ پیئے تو دیکھنے اور سننے والا حیرت میں ڈوب جاتا ہے۔

انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں ایک ایسا ہی 3 سالہ بچہ  ’راپی پامونگ کاس‘ ہے جو حیرت انگیز طور پر دن میں سگریٹ کی 2 ڈبیاں پھونک جاتا ہے اوراس کے والدین اس کی اس حرکت کےآگے بے بس نظر آتے ہیں۔

سڑک پرگرے سگریٹ کے ٹکڑوں کو اٹھا کرپینے والا ننھا راپی اب باقاعدگی سے تمباکونوشی کرتا ہے اور بظاہر سگریٹ کے بغیر اس کا گزارہ مشکل نظر آتا ہے۔

راپی ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتا ہے اس کی والدہ ٹھیلا لگاتی ہیں۔ اور وہ کم عمر راپی کو تمباکونوشی کے لئے پیسے نہیں دیتی اپنی عادت سے مجبور راپی لوگوں سے مانگ کر اپنا نشہ پورا کرتا ہے۔

راپی کے والدین پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی جارہی ہے اور اب اس کی والدہ نے ڈاکٹر سے رجوع کیا ہے تاکہ اس بچے کو سگریٹ نوشی کے مسلسل عذاب سے بچایا جاسکے۔