پاک فوج کا ملک میں دہشتگردی کے خلاف آپریشنز جاری رکھنے کا اعلان

راولپنڈی – جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کی ایک اہم کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس میں ملکی داخلی اور خارجی حالات پر بات ہوئی اور ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  کور کمانڈرز کانفرنس میں یومِ دفاع اور یومِ شہدا پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے پر قوم کا شکریہ ادا کیا گیا۔ فوجی قیادت کا کہنا تھا کہ ملک میں امن واستحکام ان شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ہے۔

آرمی چیف نے کانفرنس کے شرکا کو اپنے دورہ چین کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے محرم الحرام کے دوران بہترین سیکیورٹی صورتحال پر انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس نے پاکستان میں دیرپا امن واستحکام کیلئے آپریشن ردالفساد کے تحت ان آپریشنز کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔